کولکاتا:سال 2023 میں کھیل کی دنیا میں ہندوستان کی کارکردگی غیر معمولی رہی۔ آئی سی سی ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست کو چھوڑ دیا جائے تو یوں کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ سال کرکٹ ٹیم کے لیے شاندار رہا۔
ہندوستان میں کھیلے گئے ٹیم انڈیا کی کارکردگی لاجواب رہی۔11 میچوں میں دس میچوں میں جیت ملی لیکن خطابی معرکے میں میزبان ٹیم ہندوستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ٹورنامنٹ میں روہت شرما، وراٹ کوہلی کے بلے سے خوب رن بنے۔ محمد شامی کی بالنگ نے عالمی کپ میں زبردست دھوم مچائی۔
ہندوستان نے ایشیا کپ میں شاندار کھیل کامظاہرہ کرتے ہوئے تمام حریف ٹیموں کو شکست دی ۔ایشیا کپ میں شرییس ائیر،کے ایل راہل،نے اپنی کارکردگی سے ہندوستان کی جیت میں اہم رول ادا کئے۔جسپریت بمراہ نے ہندوستان کے لئے میچ وننگ مظاہرہ کیا۔لیکن سری لنکا کے خلاف محمد سراج کی خطرناک بالنگ کسی بھی قیمت پر فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔ٹیم کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستان ایشیا کپ چمپئن بنا۔
عالمی کپ 2023 میں روہت شرما نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے حریف گیندبازوں کی جم کر دھجیاں اڑائی۔روہت شرما نے 135.02 اسٹرائیک ریٹ سے روہت شرما نے 401 رن بنائے۔انہوں نے جہاں ایک طرف بلے سے جم کر رن بنائے دوسری طرف پختگی سے اپنی ٹیم کی قیادت بھی کی۔انگلینڈ کے خلاف روہت شرما نے 87 گیندوں پر 101 رنوں کی اننگ اس وقت کھیلی جب دیگر بلے باز رن بنانے کے لئے جدوجہد کر رہے تھے۔
- وراٹ کوہلی کا رول لاجواب رہا:
دنیائے کرکٹ میں اپنی غیر معمولی صلاحیت کا لوہا منوانے والے وراٹ کوہلی نے عالمی کپ 2023 میں جم کر رن بنائے۔وراٹ کوہلی نے 11 میچوں میں 95.62 اوسط سے 765 رن بناکر ورلڈ کپ کے ٹاپ اسکورر رہے ۔یوں کہنا غلط نہیں ہوگا کہ وراٹ کوہلی نے ورلڈ کپ 2023 میں ہندوستانی بلے بازوں کی قیادت کی۔
- ہاردک پانڈیا کا زخمی ہونا:
ورلڈ کپ 2023 کے پانچویں میچ میں ہندوستان کو اس وقت جھٹکا لگا جب ہاردک پانڈیا چوٹ کے سبب میگا ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ہاردک پانڈیا بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے میچ سے باہر ہوئے ۔جہاں ایک طرف ہاردک پانڈیا کے باہر ہونے سے ہندوستان کے شیدائیوں کو مایوسی ہوئی تو دوسری طرف محمد شامی نے ان کی کمی پوری کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔
ہاردک پانڈیا کے زخمی ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد محمد شامی کو فرسٹ الیون میں شامل کیا گیا۔ محمد شامی نے ہندوستانی ٹیم میں واپسی کا بھر پور فائدہ اٹھایا۔انہوں نے اپنے تجربے کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے ورلڈ کپ کے 11 میں سے 7 میچوں میں ہندوستانی گیندبازی کی قیادت کی۔انہوں نے 91.5 اوورز میں 4.06 اکانومی کے تحت 24 وکٹ حاصل کئے جس میں تین مرتبہ پانچ پانچ وکٹ شامل ہیں۔جسپریت بمراہ، رویندر جڈیجہ اور کلدیپ یادو کی کارکردگی قابل تعریف رہی مگر محمد شامی نے کم میچ کھیل کر نا صرف ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹ حاصل کئے بلکہ کئی اہم میچوں میں جیت میں اہم رول ادا بھی کیا۔
ورلڈ کپ 2023 میں ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی کے مدنظر خطابی معرکہ میں اسے فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔لیکن مایوس کن شروعات کے بعد ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے والی آسڑیلیائی ٹیم کو کسی بھی قیمت پر نظر انداز نہیں کیا جاسکتا تھا۔جس کا ڈر تھا وہی ہوا ۔ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 240 رنوں کا معمولی اسکور کھڑا کیا۔آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ کی شاندار سنچری اننگ کی بدولت مطلوبہ ہدف حاصل کرکے عالمی کپ کا خطاب اپنے نام کرلیا۔حالانکہ ہدف کے تعاقب کے دوران آسٹریلیا ئی ٹیم کو محمد شامی اور جسپریت بمراہ کی جوڑی کی خطرناک گیندبازی کا سامنا کرنا پڑا۔ایک وقت تھا جب آسٹریلیا نے 47 رنوں کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹ گنوا دیئے تھے۔اس کے بعد ٹریوس ہیڈ نے جادوئی اننگ کھیل کر نا صرف اپنی ٹیم کو بحران سے نکالا بلکہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کا خطاب بھی دلانے میں اہم رول ادا کیا۔