مغربی بنگال کے رگھوناتھ گنج میں ایک حیران کر دینے والا واقعہ پیش آیا۔ دراصل پیر کو خاندانی تنازع کے بعد ایک خاتون نے اپنے چھ ماہ کے بیٹے کو پُل سے گنگا ندی میں پھینک دیا۔ عینی شاہدین کی کوششوں کی بدولت بچے کو کسی طرح بچا لیا گیا۔ شیر خوار کو فی الحال ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تاہم ڈاکٹروں نے اس کی حالت تشویشناک بتائی ہے۔
یہ سنسنی خیز واقعہ پیر کی صبح مرشد آباد کے رگھوناتھ گنج تھانے کے جنگی پور بھاگیرتھی پل پر پیش آیا۔ ملزمہ کو رگھوناتھ گنج پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون ذہنی دباؤ کی شکار ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ خاتون پیر کی صبح بچے کو گود میں لے کر پل پر چڑھی۔ اسے پل پر گھومتے دیکھ کر کچھ لوگوں کو شک ہوا۔ اس سے پہلے کہ وہ خاتون کو پکڑ پاتے، اس نے پلک جھپکتے ہی بچے کو پھینک دیا۔
اسی دوران دو نوجوانوں نے فوری طور پر گنگا میں چھلانگ لگائی اور فیری مین کی مدد سے بچے کو بچایا۔ کسی طرح بچہ بچ گیا۔ وہ فی الحال جنگی پور ڈویژنل اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اطلاع ملتے ہی رگھوناتھ گنج تھانے کی پولیس موقعے پر پہنچ گئی۔ بچے کی والدہ کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ وہ رگھوناتھ گنج تھانے کے محلدارپارہ میں رہتی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ خاتون کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔