مالدہ:مغربی بنگال کے ضلع مالدہ میں سڑک کی خستہ حالی کے سبب ایمبولنس گھر تک نہیں آسکی جس کے سبب گھر والوں نے مریضہ کو کھاٹ کے ذریعہ ہسپتال پہنچانے کا خطرہ مول لیا۔ مریضہ کو کھاٹ کے ذریعہ ہسپتال پہنچانے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔ اس واقعے کے بعد آج مالدہ ضلع کے نالاگولا اسٹیٹ ہائی وے کالونی علاقے میں گاؤں والوں نے سڑک کا گھیراؤ کیا۔ اس کی وجہ سے آمد و رفت متاثر ہوگئی۔
اطلاعات کے مطاابق ناکہ بندی تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی۔ بعد میں پولیس اور جوائنٹ بی ڈی او موقع پر پہنچے اور گاؤں والوں سے وعدہ کیا کہ جلد سے جلد سڑک کی تعمیر ہوجائے گی۔ اپوزیشن جماعت بی جے پی نے اس واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دیہی علاقوں کو نظر انداز کردیا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے پاتھ شری جیسے پروجیکٹ شروع کرنے کے بعد بھی دیہی علاقے میں سڑکوں کی حالت خراب ہے۔ بی جے پی نے سوال اٹھایا ہے کہ ایمبولینس دیہی سڑکوں پر کیوں داخل نہیں ہو پائی؟ قبائلی اکثریتی گاؤں مالڈنگا کا تعلق حبیب پور اسمبلی حلقہ سے ہے۔ حبیب پور کے بی جے پی ممبر اسمبلی جیول مرمو نے کہا کہ، اگر آج اس گاؤں کی سڑکیں اچھی ہوتی تو ایمبولینس جا سکتی تھی۔ نوجوان خاتون کی زندگی بچائی جاسکتی تھی۔ ہم نے بارہا سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ انتظامیہ سے کیا ہے، لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔