این آر سی اور شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف ملک بھر جاری احتجاج کے دوران آج مغربی بنگال کے دارلحکومت کولکاتا میں فلمی دنیا اور فن و ثقافت سے وابستہ کئی اہم شخصیات سڑک پر اترکر شہری ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کی قیادت کی۔
ڈائریکٹر اور اداکار اپرنا سین اور پلے رائٹر کوشک سین مظاہرین کے اگلے صف میں تھیں۔کسی بھی سیاسی جماعت کے بینر کے بغیر بڑی تعداد میں لوگ اس مہم میں شامل تھے۔اس میں کلکتہ یونیورسٹی سمیت کئی اہم یونیورسٹیوں کے اساتذہ اور طلباء نے بھی اس جلوس میں شرکت کی۔
جمعہ سے ہی ریاست بھر میں مظاہرے ہورہے ہیں۔کئی مقامات پر تشدد کے معمولی واقعات بھی ہوئے ہیں مگر بیشترمظاہرے پرامن ماحول میں ہورہے ہیں۔
گزشتہ تین دنوں تک ممتا بنرجی نے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں شہری ترمیمی ایکٹ کے خلاف جلوس کی قیادت کی۔ممتا بنرجی کے ساتھ ترنمول کانگریس کے ہزاروں کارکنان نے بھی حصہ لیا۔
کوشک سین نے کہا کہ مرکز میں جولوگ اس وقت اقتدار میں ہیں وہ فاششٹ ہیں اور اس فسطائی ذہنیت سے کام کررہے ہیں۔اپرنا سین اور کوشک سین کی قیادت میں یہ احتجاج مولاعلی کے رام لیلامیدان سے شروع ہوکر دھرم تلہ میں جاکر ختم ہوگا۔