مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان ڈولا سین نے لنچ کے بعد راجیہ سبھا میں بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی وزارت کے کام کاج پر بحث کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ جس وقت پارلیمنٹ کا اجلاس چل رہا ہو اس وقت وزیراعظم کو قوم کے نام خطاب سے پہلے دونوں ایوانوں سے خطاب کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو اس ایوان میں بھی آنا چاہیے اور ایم ایس ایم ای سمیت مختلف امور پر اپنی رائے پیش کرنی چاہیے۔
ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمان نے کہاکہ ایوان میں بھی کورونا وائرس سے متعلق بحث ہونی چاہئے۔ ارکان پارلیمان کے درمیان بحث ہوتی اس کے بعد وزیراعظم قوم کو خطاب کرتے ہیں توبہتر ہوتا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی آج شام آٹھ بجے کورونا وائرس کے مسئلے پر قوم سے خطاب کرنے والے ہیں۔