پرولیا: مغربی بنگال میں پنچایت انتخابات کے اعلان کے بعد سے تصادم کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے وہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں سیاسی تصادم کے دوران اب تک نو لوگوں کی جان جا چکی ہے۔ ریاست میں نامزدگی کی مدت شروع ہونے کے بعد سے ریاست کے مختلف اضلاع میں یکے بعد دیگر موت ہو رہی ہے۔ اس پر کلکتہ ہائی کورٹ نے ریاستی انتخابی کمیشن کی زوردار سرزنش کی ہے۔
ریاست میں پنچایت انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سے اب تک 13 دنوں میں آٹھ افراد مارے گئے۔ اسی درمیان پرولیا ضلع کے ادرا میں شرپسندوں نے ترنمول کانگریس کے سٹی صدر دھننجے چوبے (48) کو گولیوں سے بھون کر موت کا گھاٹ اتار کر فرار ہو گئے۔ مقامی باشندوں کی مدد سے ترنمول کانگریس کے رہنما کو تشویشناک حالت میں رگھوناتھ پور ضلع ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولیز نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ اس واقعے میں ایک اور شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔