کولکاتا: ملک میں پہلی بار مغربی بنگال حکومت نے یونیسیف اور مغربی بنگال کمیشن برائے تحفظ وحقوق اطفال کے تعاون سے اس کے لئے منصوبہ بندی شروع کردی ہے کہ بچوں کو چھوٹے اور سنگین جرم کرنے کے الزام میں عدالتی طریقہ کار سے کیسے ہٹایا جائے۔
ریاستی وزیر برائے خواتین اور بچوں کی ترقی اور سماجی بہبود کی وزیر ڈاکٹر ششی پانجانے کہا کہ 2015 کے جووینائل جسٹس ایکٹ کی دفعات کے مطابق، مبینہ طور پر معمولی جرائم کرنے والے بچے کو باقاعدہ عدالتی طریقہ کار سے ہٹایا جا سکتا ہے اور بچے کو والدین یا دیکھ بھال کرنے والے ادارے کے پاس رکھ کر سماجی کارکنوں کی مدد سے بچوں کی تربیت کی جاسکتی ہے۔ چھوٹے اور سنگین جرم کرنے والے بچوں کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں کی جائے گی۔ انہیں بچوں کی دیکھ بھال کے اداروں میں بھیجا جا سکتا ہے۔ کوشش کی جائے گی کہ بچوں کو ان کے خاندان کے پاس رکھ کر ہی بچوں کی تربیت کی جائے۔ انہیں مختلف فلاحی خدمات اور حراست کے دیگر متبادلات سے جوڑ دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈبلیو بی سی پی سی آر اور یونیسیف ڈائیورشن کی خدمات اور اس کے فوائد کو بچوں تک پہنچانے کے لئے سب سے پہلے پولیس، سرکاری افسران اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو حساس بنایا جاناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ پولیس چھوٹے اور سنگین جرائم کرنے والے بچوں کی جنرل ڈائری درج کرے گی اور جووینائل جسٹس بورڈ کو مطلع کرے گی۔