کولکاتا:محکمہ ہائر ایجوکیشن نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ جادوپور کے یونیورسٹی کیمپس میں سال اول کے طالب علم کی موت کا معاملہ تشویش ناک ہے ۔الزام ہے کہ طالب علم ریگنگ کا شکار ہوا ہے ۔ اس معاملے کو متعلقہ تفتیشی ایجنسی دیکھ رہی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی میں کئی انتظامی خامیاں اور بنیادی ڈھانچے کی خامیاں ریاستی حکومت کی توجہ میں آئی ہیں۔ ہائیر ایجوکیشن محکمہ کی طرف سے ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو خامیوں کا پتہ لگا کر مسئلے کو حل کرے گی۔
اس کمیٹی میں کل چار ممبران ہیں۔ ان میں ہائر ایجوکیشن کونسل کے وائس چیئرپرسن، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے یونیورسٹی ونگ کے اسپیشل کمشنر، پبلک انسٹرکشن کے اسٹیٹ ڈائرکٹر اور ہائر ایجوکیشن کونسل کے ممبر سکریٹری ہیں۔ محکمہ اعلیٰ تعلیم کا کہنا ہے کہ کمیٹی نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی اپنا کام شروع کر دے گی۔ کمیٹی دو ہفتوں میں اس حوالے سے اپنی رپورٹ دفتر کو پیش کرے گی۔