بھارتیہ جنتاپارٹی کی تمام تر کوششوں کےباوجود ریاست کے تمام اضلاع میں شہریت ترمیمی ایکٹ،این آرسی اور این پی آر کے خلاف پرُتشدد مظاہرے کاسلسلہ جاری ہے۔
'بغیر اجازت ریلیاں نکالیں گے' مغربی بنگال ریاستی بھارتیہ جنتاپارٹی کے صدر دلیپ گھوش نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں شہریت ترمیمی ایکٹ کی حمایت میں ریلیاں نکالنے کے لیے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی جب مرکزی حکومت کی باتیں نہیں مانتی ہیں تو ہم کیوں ریاستی حکومت کی بات مانے۔
بی جے پی کے رکن پارلیمان کاکہنا ہے کہ ترنمول کانگریس جب چاہتی ہے اس وقت جلسہ وجلوس کاانعقاد کرسکتی ہے تو بھارتیہ جنتاپارٹی کیوں نہیں۔ بھارتی جنتاپارٹی کو پارلیمنٹ میں منظور قانون شہریت ترمیمی ایکٹ کی حمایت میں جلوس کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں پولیس اور حکومت کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہم جب چائیں گے اس وقت شہریت ترمیمی ایکٹ کی حمایت میں جلوس نکالیں گے ۔کیونکہ یہ ہمارا جمہوری حق ہے۔
'بغیر اجازت ریلیاں نکالیں گے' بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی جانب سے شہریت ترمیمی ایکٹ کو قانونی منظور دیے جانے کے بعد ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں جنگی سطح پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔
ریاست میں گزشتہ کئی ہفتوں سے تمام اضلاع میں شہریت ترمیمی ایکٹ، این آرسی اور این پی آر کے خلاف پرُتشدد مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مغربی بنگال کے تمام مذاہب کے لوگ شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف سڑکوں کو پراتر آ ئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ بارہ دنوں سے وزیراعلیٰ ممتابنرجی شہریت ترمیمی ایکٹ، این آرسی نافذ کرنے کے فیصلے کے خلاف مسلسل احتجاجی ریلیوں کی قیادت کررہی ہیں۔ انہیں عام لوگوں کی بھر پور حمایت مل رہی ہے۔