مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تاریخ جیسے جیسے قریب آ رہی ہے ویسے ویسے حکمراں جماعت ترنمول کانگریس میں شگاف کا دائرہ وسیع ہوتا جا رہا ہے۔
شبھندو ادھیکاری کے پارٹی چھوڑ کر جانے کے بعد ترنمول کانگریس کو الوداع کہنے کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے وہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔
مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے ڈائمنڈ ہاربر سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی دیپک ہلدار کے بی جے پی میں شامل ہونے کی خبریں گشت کرنے لگی ہیں۔
آج شام ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی دیپک ہلدار نے بی جے پی کے رہنما شوبھن دیب چٹرجی سے اچانک ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد ہی دیپک ہلدار نے بی جے پی میں شامل ہونے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی سے ملاقات کرنے کا یہ ہرگز مطلب نہیں ہے کہ پارٹی بدلنے کا ارادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوبھن چٹرجی جب ترنمول کانگریس میں تھے اس وقت سے ان سے اچھے تعلقات ہیں۔ یہ بات بھی سچ ہے کہ ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد آج ان سے ملاقات ہوئی ہے۔ ہم دونوں پرانے ساتھی ہیں۔ یہ بات بالکل سچ ہے کہ ہماری ملاقات کا وقت صحیح نہیں ہے۔ اسی وقت کی وجہ سے ہی افواہ پھیلنے لگی ہے۔
مزید پڑھیں:
ڈائمنڈ ہاربر سے رکن اسمبلی دیپک ہلدار نے کہا کہ ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر کہیں جانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ترنمول کانگریس سے ہی اپنی سیاسی اننگز کا خاتمہ کرنا چاہتا ہوں۔