دہلی میں تشدد سے سبق لیتے ہوئے مغربی بنگال حکومت کوئی بھی کسر چھوڑنا نہیں چاہتی ہے چنانچہ تمام پولس اسیٹشنوں اور ضلع پولس انتظامیہ کو ریاستی سیکریٹریٹ سے مسلسل احکامات جاری کئے جارہے ہیں ۔
اس سے قبل ریاستی سیکریٹر یٹ میں بنگال پولس ڈائریکٹر ،چیف سیکریٹری اور داخلہ سیکریٹری کے ساتھ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی میٹنگ کرچکی ہیں ۔
پولس اسٹیشنوں کو ریاستی سیکریٹریٹ سے ہدایات میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ناخوشگوار واقعہ کے رونما ہونے سے قبل سختی سے پیش آنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی صورت فسادات کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔
آج ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو سے تمام پولس اسٹیشنوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں پٹرولنگ سخت کرنے کے ساتھ چھوٹے چھوٹے واقعات پر گہری نظر رکھیں ۔
ریاستی سیکریٹریٹ سے ہدایت ملنے کے بعد چندن نگر پولیس کمشنریٹ نے ڈانکونی اور رشٹرامیں مارچ کرکے لوگوں میں اعتماد بحال کرنے کی کوشش کی ۔
چندن نگر پولیس کمشنر ہمایوں کبیر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ علاقے کے عوام کے ساتھ ہیں اور پولس انتظامیہ عوام میں اعتماد بحال کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔اس کے لئے پولیس انتظامیہ پوری طرح سے تیار ہے ۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنا ہی ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں سے کہا ہے کہ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو فوراً پولس کو مطلع کریں ۔
چندن نگر کے کمشنر نےکہا کہ اس علاقے میں امن وامان اور ہم آہنگی کا ماحول ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنگال میں ملک کے دیگر ریاستوں کے مقابلے حالات بہتر ہیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دہلی کے شمال مشرق علاقوں میں تشدد کے دوران متعدد افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ اس دوران درجنوں مکانات اور گھروں میں توڑپھوڑ کی گئی تھی جس سے کروڑوں روپے کے نقصان ہونے کی اطلاع ہے ۔