کولکاتا: مغربی بنگال میں 22 اضلاع میں سخت سیکویرٹی انتظامات کے درمیان پنچایت انتخابات 2023 کے لئے ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ انتخابات شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ریاست کے کچھ حصوں میں تشدد کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ووٹنگ صبح سات بجے شروع ہوئی۔ انتخابات شروع ہونے سے قبل پولنگ بوتھ کے باہر ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔
کوچ بہار میں، کانگریس-سی پی آئی ایم اتحاد کے ایک کارکن کو مبینہ طور پر ٹی ایم سی کے حامیوں نے گولی مار دی۔ اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔وہ ڈنہٹا سب ڈویژنل اسپتال میں زیر علاج ہے۔ متاثرہ نے واقعے کے بعد میڈیا میں بیان دیا۔ انہوں نے براہ راست ٹی ایم سی لیڈر پر حملے کا الزام لگایا۔
دوسری طرف مرشد آباد کے شمشیر گنج علاقے میں ٹی ایم سی اور کانگریس کارکنان کے درمیان خونی جھڑپ کی اطلاع ہے۔مالدہ،شمالی دیناج پور سمیت دیگر اضلاع میں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔