کولکاتا: تمام قیاس آرائیوں پر بریک لگاتے ہوئے مغربی بنگال انتخابی کمیشن نے پنچایت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔اگلے ماہ آٹھ جولائی کو پنچایات انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ مغربی بنگال انتخابات کمیشن کے نئے الیکشن کمشنر راجیو سنہا نے پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے پنچایت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا۔ کمیشن کے مطابق انتخابی قوانین کا اطلاق آج جمعرات سے ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ نامزدگی کا عمل کل بروز جمعہ سے شروع ہوگا۔ کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ 15 جون ہے ۔آخری دن تک نامزدگی قبول کیے جائیں گے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہو گی۔ ان کا کہنا ہے کہ پوری ریاست میں آٹھ جولائی بروز سنیچر کو ووٹنگ کا ایک ہی دور ہوگا۔انتخابات کے نتائج کا اعلان 11 جولائی کو کیا جائے گا۔ریاستی انتخابی کمیشن نے کہاکہ لا اینڈ آرڈر کی تمام تر ذمہ داری ریاستی حکومت پر ہوگی۔پنچایت انتخابات میں ریاستی پولیس کی تعیناتی ہوگی یاپھر مرکزی فورسز کی نگرانی میں ووٹنگ ہوگی اس سلسلے میں کچھ بھی نہیں کہا گیا ہے۔