کولکاتا:مغربی بنگال میں پنچایت انتخابات کے اعلان سے الیکشن کے بعد تشدد کے واقعات میں کم از کم 35 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ریاست میں ہفتہ کو تین سطحی پنچایتی انتخابات کے دوران مختلف حصوں میں بے لگام تشدد دیکھنے میں آیا اورالیکشن کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر17 ہوگئی۔ ہلاک ہونے والوں میں حکمراں ترنمول کانگریس اور اپوزیشن دونوں کے تئیں وفاداری رکھنے والے کارکن شامل ہیں۔
ایک امیدوار سمیت ترنمول کانگریس کے سب سے زیادہ 9 کارکن مارے گئے جب کہ اپوزیشن کانگریس اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا-مارکسسٹ کے دو دو، بھارتیہ جنتا پارٹی کا ایک اور ایک ووٹر پولنگ کے دوران تشدد کا شکار ہوگیا۔ مالدہ اور جنوبی 24 پرگنہ میں پولنگ کے بعد ہونے والے تشدد میں ترنمول کانگریس کے دو کارکنوں کی جان چلی گئی۔ اس طرح انتخابات اور اس کے بعد ہونے والے تشدد میں ہلاک ہونے والے ترنمول کارکنوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔
مرشد آباد ضلع انتخابی تشدد کا مرکز رہا۔ اس کے علاوہ مالدہ، شمالی دیناج پور اور کوچ بہار کے علاوہ ندیہ اور شمالی و جنوبی 24 پرگنہ پرتشدد واقعات سے متاثر ہوئے تھے۔ ہفتہ کو الیکشن ڈیوٹی سے واپس آتے ہوئے ڈی ایس پی رینک کے افسر پر بھی حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔اس کے ساتھ ہی پنچایت انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سے ہلاک ہونے والوں کی کل تعداد 35 ہو گئی ہے۔
کانگریس ایم پی ادھیر چودھری اس وقت غصے میں آگئے جب وہ میڈیا والوں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے ہفتہ کو جو کچھ ہوا اس کے لئے وزیراعلیٰ اور ترنمول کی سربراہ ممتا بنرجی پر تنقید کی اور تشدد پر قابو پانے میں ناکامی پر ریاستی الیکشن کمشنر راجیو سنہا پر تنقید کی۔ ہفتہ کے تشدد کے خلاف احتجاج میں، ریاستی بی جے پی نے اتوار کو روڈ جام کیا، ٹائر جلائے اور جلوس نکالا۔