مغربی بنگال کے بیشتر اضلاع میں کورونا کی ٹیکہ کاری کے پہلے ہی دن سیاست تیز ہو گئی۔ ٹیکہ کاری کے پہلے دن بردوان ضلع کے کٹوا سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی رابندرناتھ چٹرجی کے کورونا ویکسین لینے کا معاملہ ٹھنڈا پڑا بھی نہیں تھا کہ اب ایک اور رکن اسمبلی کا نام سامنے آ گیا ہے۔
دراصل علی پور دوار ضلع محکمہ صحت نے کورونا ویکسین لینے والے ایک ہزار 800 طبی ملازمین کی فہرست جاری کی تھی۔ اس فہرست میں شامل ایک ہزار آٹھ سو لوگوں میں سے 75 لوگوں کو کورونا ویکسین دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والی فہرست میں علی پور دوار سے ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی سورو چکرورتی کا نام بھی شامل ہے۔ لسٹ میں ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی سورو چکرورتی کا نام شامل ہونے پر بی جے پی نے سخت مذمت کی ہے اور اسے مرحلہ وار ٹیکہ کاری کے لیے بنائے گئے ضابطے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔