ریاست مغربی بنگال میں سیاسی ماحول میں روز بروز کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ آئندہ انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے بی جے پی کے مرکزی رہنما بنگال کے دورے پر لگاتار آ رہے ہیں اور اپنی تقاریر میں این آر سی کا مدعا اٹھا رہے ہیں۔
بنگال کے انتخابات میں بی جے پی کے لئے این آر سی ایک اہم مدعا ہے، کیونکہ بنگال کی سرحدیں بنگلہ دیش سے ملتی ہیں جس کے بنا پر بی جے پی کا یہ بیانیہ بہت عام ہے کہ بنگال میں بنگلہ دیش کے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد غیر قانونی طور پر رہتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی این آر سی کا مدعا بار بار اٹھا کر انتخابات میں اس سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔
دوسری جانب مرکزی حکومت کی جانب سے بنگال میں این آر سی کے متعلق جارحانہ رویہ دیکھتے ہوئے این آر سی مخالف تحریک چلانے والے مختلف تنظیمیں ایک بار پھر سے بنگال میں این آر سی مخالف تحریک چلانے پر تبادلہ خیال کر رہی ہیں۔