آئندہ پانچ مئی سے ماہ رمضان کا آغاز ہے۔ مغربی بنگال مائناریٹی کونسل کے وفد نے کولکاتا میں مرکزی الیکشن کمیشن کے دفتر میں الیکشن کمشنر سے ملاقات کی اور ایک عرض داشت ان کے سپرد کیا جس میں الیکشن کمیشن سے اپیل کی گئی ہے کہ 2019 کے عام انتخابات کی تاریخوں کا اعلان جلد از جلد کیا جائے۔
west-bengal-minority-council ان کی درخواست ہے کہ کمیشن اس بات کا خیال رکھے کہ انتخابات رمضان کے مہینے میں نہ ہوں تاکہ مسلمانوں کو بھی آسانی کے ساتھ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے میں کسی طرح کی پریشانی نہ ہو۔
خیال رہے کہ آل بنگال مائناریٹی کونسل ایک غیر سیاسی ادارہ ہے جس میں کئی تنظیمیں شامل ہیں۔
مائناریٹی کونسل کے وفد میں شامل آل بنگال مائناریٹی یوتھ فیڈریشن کے جنرل سکریٹری قمر الزمان نے کہا کہ : ' ہم نے مرکزی الیکشن کمیشن کو ایک عرضداشت دی ہے جس میں الیکشن کمیشن سے 2019 میں ہونے والے عام انتخابات میں تاریخوں کا اعلان جلدکرتے ہوئے ان سے درخواست کی گئی ہے کہ انتخابات کی تاریخ رمضان کے مقدس مہینے میں نہ پڑیں تاکہ مسلمانوں کے ووٹ ڈالنے میں کسی طرح کی دشواری نہ ہو اور ساتھ جمعہ کے دن بھی الیکشن کی تاریخ طے نہ کی جائے۔'
قمرالزمان نے بتایا کہ الیکشن کمشنر نے کہا کہ وہ مرکزی الیکشن کمیشن کو اس تعلق سے آگاہ کریں گے اور ان کی عرضداشت کو قومی الیکشن کمیشن تک پہنچا دیں گے ۔