مغربی بنگال کے مالدہ ضلع کانگریس کے حامی کسانوں کے بھارت بند کو کامیاب بنانے کے لیے سڑکوں پر اترے۔
کانگریس کے رکن پارلیمان ابو حسن خان چودھری کی قیادت میں کسانوں کی حمایت میں احتجاجی جلوس کا اہتمام کیا گیا۔
رکن اسمبلی عشاء علی خان چودھری، مشتاق عالم سمیت اعلی رہنماؤں نے کسانوں کی حمایت میں نکالے گئے جلوس میں شرکت کی۔
عشاء علی خان چودھری نے کہا کہ کسانوں کی حمایت کرنا ضروری ہے۔ سڑکوں پر اترنے سے یہ ثابت ہوگیا کہ بھارت میں کسی کی من مانی کو چلنے نہیں دیا جائے گا۔
بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو کسان کے جائز مطالبات کو کسی بھی قیمت پر تسلیم کرنا ہی پڑے گا، ورنہ غیر معینہ مدت کے لئے تحریک جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کسانوں کے احتجاج کی حمایت کر رہی ہے اور مستقبل میں بھی حمایت کرتی رہی ہے۔
کانگریسی رہنما کا کہنا ہے کہ بھارت بند کو کامیاب بنانے کا مطلب بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو شکست ہو گی۔
کانگریس کے حامیوں نے 'بھارت بند' کی حمایت کی - ترنمول کانگریس
مالدہ ضلع کانگریس کے حامیوں نے کسانوں کے بھارت بند کی حمایت کرتے ہوئے قومی شاہراہ کی ناکہ بندی کردی جس سے آمدورفت ٹھپ پڑ گئی۔
کانگریسی رہنما مشتاق عالم کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج ضروری ہے، بی جے پی کے رہنماؤں کو پتہ چلنا چاہئے کہ بنگال میں انہیں مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو جیت ملے گی۔ ہماری کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
واضح رہے کہ کسان بل کے خلاف دہلی میں کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ کسانوں نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف بھارت بند کا اعلان کیا۔
مغربی بنگال کی حکمراں ترنمول کانگریس نے بھارت بند کی اخلاقی حمایت کرنے کا اعلان کیا۔