کورونا وائرس کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ جہاں لوگ ایک دوسرے کے قریب آنے سے بھی کترا رہے ہیں۔ وہیں اس پورے گزشتہ چھ ماہ کے دوران جماعت اسلامی حلقہ مغربی بنگال نے خدمت خلق کی مثال پیش کی ہے۔
جس کی چہار جانب سے ستائش کی جارہی ہے۔ ان لاک 4 کے بعد بھی خدمت جاری ہے۔ وبا کے دوران جماعت اسلامی حلقہ مغربی بنگال کی جانب سے غریب اور ضرورت مندوں میں بڑے پیمانے پر غذائی اجناس کی فراہمی اور طبی مدد بھی کی گئی۔ اس دوران مریضوں کے لئے مفت آکسیجن سلنڈر فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا اور کولکاتا ڈہر کے علاوہ اضلاع میں بھی مفت آکسیجن سلنڈر مرکز قائم کئے گئے۔
اس دوران جب لوگ اپنی صحت کو لیکر سب سے زیادہ فکر مند ہیں۔ سماجی دوری کا خاص طور پر خیال رکھا جا رہا ہے۔ شہر کے اسپتالوں میں خون کی کمی بڑے پیمانے پر محسوس کی جا رہی تھی۔ ایسے میں جماعت اسلامی نے آگے بڑھ کر خون کی کمی کو پورا کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مختلف مسلم علاقوں میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا اور بڑی تعداد میں لوگوں نے خون عطیہ کیا۔
جماعت کی طرف سے اسپتالوں کو پی پی ای کٹ بھی مفت فراہم کیا گیا تاکہ اسپتالوں میں کام کرنے والوں کی زندگی محفوظ رہے۔ اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے سیکریٹری حلقہ مغربی بنگال شاداب معصوم نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ میں وبا کے دوران جماعت نے بہت کام کیا۔ گزشتہ دنوں ہمیں جب خبر ملی کہ اسپتال میں خون کی کمی بڑے پیمانے پر محسوس کی جا رہی ہے، تو ہم نے اس کمی کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا۔