کولکاتا: 68 سالہ پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ کلاسیکل ڈانسر ملیکا سارا بھائی نے کولکاتا لٹریری فیسٹیول کے اختتامی دن کہاکہ آج میں جو کچھ دیکھ رہی ہوں اس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ سماج مختلف سمتوں کیجانب جا رہا ہے۔ کہنے کا مطلب خاتمے کی طرف۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ہندوستان میں ہمارے آئیڈیل کی مکمل تباہی ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ اشتہارات اور برانڈ سازی کی شان میں اندھے ہو گئے ہیں۔
سارا بھائی نے کہا کہ کولکاتا آکر بہت اچھا لگتا ہے۔ مغربی بنگال سیکولرزم کا علمبردار ہے۔ مختلف مذاہب کے لوگوں کو ایک ساتھ رہتے ہوئے دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے جو مجھے گجرات میں میں اس طرح نظر نہیں آتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے بہت سے دوست جیل میں ہیں، جنہیں سوالات پوچھنے پر مقدمے کا سامنا ہے۔ انہیں ضمانت تک نہیں مل رہی ہے۔ کیا ہمارے ملک میں کسی کو سوال پوچھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اگر کسی کی غلطی کی نشاندہی پر جیل جانا پڑ سکتا ہے تو غلطی کرنے والے کیوں آزاد ہیں۔