مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتحاد کے لیے بات چیت شروع ہو گئی ہے۔ کانگریس اور لفٹ فرنٹ نے عباس صدیقی کی پارٹی انڈین سیکولر فرنٹ کے ساتھ حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے خلاف عظیم اتحاد تشکیل دینے کی کوشش تیز کر دی ہے۔
ممتا بنرجی کی سیاسی جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے خلاف عظیم اتحاد میں کانگریس، لفٹ فرنٹ اور انڈین سیکولر فرنٹ کے علاوہ دوسری پارٹیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انڈین سیکولر فرنٹ کے سربراہ اور فرفرہ شریف کے پیرزادہ عباس صدیقی کا کہنا ہے کہ بے شک ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے خلاف اتحاد کا حصہ بنوں گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کا ترنمول کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کرنا اور بی جے پی کو اقتدار میں آنے سے روکنا اہم مقصد ہے۔