مغربی بنگال ہائی مدرسہ بورڈ کے امتحانات کے نتائج منطر عام پر آ چکے ہیں۔ایک بار پھر لڑکیوں نے بازی ماری ہے۔ ریاست میں ہائی مدرسے کے امتحان میں مالدہ ضلع کی سعدیہ صدیقی اور مرشدآباد کی انیسہ سلطانہ نے بالترتیب ریاستی سطح پر اول اور دوم مقام حاصل کیا ہے۔
سعدیہ صدیقی نے 800 میں 797 اور انیسہ نے 796 نمبر حاصل کئے ہیں۔ جبکہ مرشدآباد کی ہی شریفہ خاتون نے 795 نمبر لاکر تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔گزشتہ بار کی طرح اس بار بھی ہائی مدرسہ میں لڑکیوں کی کارکردگی لڑکوں سے بہتر رہی ہے۔ مغربی بنگال میں مدرسہ تعلیم گاؤں دیہات میں رہنے والوں کے لئے اہم ذریعہ تعلیم ہے۔خصوصی طور پر لڑکیاں مدرسوں میں بڑی تعداد میں تعلیم حاصل کرتی ہیں۔اس بار مدرسہ بورڈ کے امتحانات میں شرکت کرنے والوں میں 60 فیصد تعداد لڑکیوں کی تھی۔