کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی بذات خود وزیرا عظم مودی اور دیگر اعلی حکام سے بات کرچکی ہیں کہ فنڈ جاری کیے جائیں مگر اب حکومت اپنے طور پر سڑک تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ریاست نے پاتھ شری پروجیکٹ شروع کیا۔ اس اسکیم کے تحت ہزاروں کلومیٹر دیہی سڑکیں پہلے ہی تعمیر کی جا چکی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مالی سال 2023-24 میں 12 ہزار کلومیٹر دیہی سڑکیں بنانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے اعلان کے فوراً بعد اضلاع سے جانکاری حاصل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ نبنو ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ کے دفتر کو دیہی سڑکوں کے حوالے سے براہ راست کئی فون کالز موصول ہوئے ہیں۔ ان فونز کے ذریعے نبنو دیہی علاقوں کی سڑکوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ 2023-24 میں، ہم مزید 12,000کلومیٹر دیہی سڑکیں بنائیں گے۔ میں اس کے لیے چار ہزار کروڑ روپے خرچ کر نے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس سے قبل مرکزی حکومت کے ذریعہ فنڈ روکے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متعدد مرکزی اسکیمیں جس میں منریگا، پردھان منتری گرامین آواس یوجنا اور دیگر اسکیمیں شامل ہیں کی فنڈنگ روک دی گئی ہے۔