اردو

urdu

ETV Bharat / state

باگ ڈوگرا پہنچتے ہی گورنر جگدیپ دھنکر کی ممتا بنرجی پر تنقید

مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر نے شمالی بنگال کے ایک ہفتے کے دورے کے پہلے مرحلے میں باگ ڈوگرا پہنچنے کے بعد ریاستی حکومت پر جم کر تنقید کی۔

گورنر جگدیپ دھنکر کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی پر تنقید
گورنر جگدیپ دھنکر کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی پر تنقید

By

Published : Jun 21, 2021, 10:44 PM IST

گورنر جگدیپ دھنکر آج سے ایک ہفتے کے لئے شمالی بنگال کے دورے پر گئے ہیں۔ شمالی بنگال کو علیحدہ ریاست بنانے کے مطالبے کے درمیان گورنر کے دورے کو کافی اہم سمجھا جا رہا ہے۔

باگ ڈوگرا پہنچنے کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر جگدیپ دھنکر نے ریاست میں جاری سیاسی تصادم کے معاملے میں وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی حکومت کی جم کر تنقید کی۔

جگدیپ دھنکر نے کہا کہ چار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاست میں اسمبلی انتخابات 2021 میں ہوئے لیکن کہیں سے بھی سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع نہیں ملی لیکن مغربی بنگال میں سیاسی تصادم ابھی جاری ہے۔ 2 مئی کو اسمبلی انتخابات کے نتائج برآمد ہونے کے بعد سے اب تک ڈیڑھ مہینے کا وقفہ گزر جانے کے باوجود بھی سیاسی تشدد کا بازار گرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی جانب سے سیاسی تصادم پر قابو پانے کے لئے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھائے گئے۔ جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں کے اہلخانہ کو اب تک معاوضے کی رقم نہیں دی گئی ہے.

جگدیپ دھنکر کے مطابق ریاست کی موجودہ صورتحال تشویشناک ہے لیکن کسی کو اس سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ ایسا معلوم پڑتا ہے کہ ریاست میں سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی پی ایس، آئی اے ایس سمیت تمام اعلیٰ افسران خود سے کوئی ذمہ داری نہیں لیتے ہیں۔ وہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کی ہدایت کا انتظار کرتے ہیں۔

غورطلب ہے کہ گورنر جگدیپ دھنکر سہ روزہ دورے پر دہلی گئے تھے جہاں وہ وزیراعظم نریندر مودی، صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیر داخلہ امت شاہ، قومی حقوق انسانی کمیشن کے چیئرمین کے ساتھ ملاقات کرکے کولکاتا واپس لوٹے ہیں.

ABOUT THE AUTHOR

...view details