کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا میں واقع راج بھون(گورنر ہاوس) کی طرف سے بتایا گیا کہ اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل بان کی مون نے گورنر بوس کو واشنگٹن ڈی سی میں 29 ستمبر سے یکم اکتوبر تک منعقد ہونے والے عالمی ثقافتی میلے میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ راج بھون نے اتوار تک بوس کے غیر ملکی دورے کے بارے میں سرکاری طور پر کچھ اعلان نہیں کیا تھا۔
تاہم اب دورہ رد ہونے کے بعد گورنر کے پروگرام کی جو تفصیل سامنے آئی ہے اس کے مطابق گورنر سرکاری پروگراموں کے علاوہ امریکہ میں ہونے والی ایک ادبی کانفرنس میں بھی شرکت کر نے والے تھے۔ انہیں امریکہ میں رہنے والے ہندوستانیوں سے بھی ملنا تھا۔ ان کے کئی امریکی شہروں میں پروگرام تھے۔ بوس کو 7 اکتوبر کو کلکتہ واپس آنا تھا۔ لیکن آخر میں انہو ں نے مالی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے دورہ منسوخ کر دیا۔
گورنر کے مجوزہ دورے میں کئی امریکی یونیورسٹیوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی شامل تھیں۔ لیکن راج بھون نے پیر کو کہا کہ میٹنگ بدلے ہوئے حالات میں ورچوئل میڈیم کے ذریعے ہوں گے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے ایک حصے کا ماننا ہے کہ راج بھون کی طرف سے غیر ملکی دورے کو منسوخ کرنے کی وجہ بتائے جانے سے گورنر-نوبنو کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کر سکتا ہے۔ نوبنو نے شکایت کی تھی کہ انہوں نے ریاست کی مختلف یونیورسٹیوں کے عبوری وائس چانسلروں کی تقرری کے سلسلے میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ساتھ بات چیت نہیں کی۔ اس پر کافی تنازعہ ہوا ہے۔