مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 2021 کے نتائج کے بعد سے ہی ریاست میں سیاسی رہنماؤں کے دل بدل کا کھیل زوروں پر جاری ہے۔ مکل رائے اور ان کے بیٹے شبرانسو رائے کے بی جے پی کو چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں دوبارہ شامل ہونے کی وجہ سے پارٹی بدلنے کے کھیل میں مزید تیزی آئی ہے۔
اسی کھیل کا حصہ رہ چکے نوا پاڑہ اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی اور گیارولیا میونسپلٹی کے چیئرمین سابق چیئرمین سنیل سنگھ کے بھی پارٹی بدلنے کو لے کر قیاس آرائی کافی تیز ہو گئی تھی۔
اس ضمن میں سابق رکن اسمبلی سنیل سنگھ نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے بات چیت کے دوران ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر کھل کر بات کی۔
بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی سنیل سنگھ نے کہا کہ اقلیتی طبقے کے لوگ انہیں سرگرم سیاست میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ عوام کی اس خواہش کو جلد پوری کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں گذشتہ 20 برسوں سے کاؤنسلر رہا ہوں۔ برسوں تک گیارولیا میونسپلٹی کے چیئرمین کے عہدے پر کام کر چکا ہوں اور رکن اسمبلی کی حیثیت سے عوام کی خدمت انجام دے چکا ہوں، میں عوام کے بالکل قریب ہوں۔