کولکاتا:مغربی بنگال کے وزیر اروب بسواس نے کو دوبارہ ودیوت بھون میں ایک ہنگامی میٹنگ کی۔ میٹنگ میں محکمہ بجلی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری سریش کمار، مغربی بنگال اسٹیٹ پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن کے چیئرمین شانتنو باسو اور محکمہ بجلی کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیر اروپ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ مختلف اضلاع کے بجلی محکمہ کے عہدیداروں سے بات کی۔ میٹنگ میں وزیر نے شمالی بنگال میں بجلی کی صورتحال کو معمول پر لانے کے علاوہ آئندہ مانسون سیزن کے لئے ضروری تیاری کرنے کی بھی ہدایت دی۔
محکمہ کے ذرائع کے مطابق، وزیر نے گرج چمک کے ساتھ طوفان کی پیش گوئی کے پیش نظر ہائر سیکنڈری امتحان کے دوران ریاست میں بلاتعطل بجلی سروس کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ تمام افسران کو چوکس رہنے کی ہدایت دی۔اس لئے محکمہ بجلی کے تمام افسران اور کارکنوں کی 28 مارچ تک کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ میٹنگ کے بعد، اروپ بسواس نے کہاکہ دارجیلنگ، کالمپونگ، جلپائی گوڑی، علی پور دوار اور کوچ بہار اضلاع میں 15 مارچ کی شام کو طوفان اور ژالہ باری کی وجہ سے بجلی کی فراہمی کے نظام کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
اب تک کی اطلاعات کے مطابق 100 کے قریب بجلی کے کھمبے ٹوٹ چکے ہیں، تقریباً 250 مقامات پر درخت لائنوں پر گر گئے ہیں اور بجلی گرنے سے انسولیٹر تباہ ہو چکے ہیں۔ بجلی کی فراہمی کے نظام کو معمول پر لانے کے لیے جنگی پیمانے پر 300 سے زیادہ بجلی کے کارکن اور افسران کام کر رہے ہیں۔ اگر آپ وہاں فون کریں تو محکمہ بجلی مدد کرے گا۔