مغربی بنگال میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد پر جاری بحث کے دوران سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری سوریہ کانت مشرا نے بھی ریاستی حکومت پر الزام عاید کیا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر اعدادو شمار میں ہیرا پھیری کررہی ہے اور صحیح صورت حال سے ریاست کے عوام کو آگاہ نہیں کیا جارہا ہے۔
صحیح صورتحال سے ریاست کے عوام کو آگاہ نہیں کیا جارہا ہے سی پی ایم رہنما نے ٹویٹ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد کو بنگال حکومت کم کرکے بتارہی ہے۔جبکہ ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو صحیح صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔
بی جے پی کے ذریعہ بھی اسی طرح کے الزامات عاید کئے جانے کے بعد وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے سیاسی جماعتوں کے ذریعہ افواہ پھیلانے اور کورونا پر سیاست کرنے کا الزام عاید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگال میں کورونا وائرس قابو میں ہے او ر خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ متحد ہوکر مقابلہ کرنے کا ہے۔ممتا بنرجی نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا وائرس سے تین افراد کی موت ہوئی ہے۔جبکہ غیر سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے ریاست میں 7افراد کی موت ہوچکی ہیں۔
سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری سوریاکانت مشرا نے اپنے دوسرے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔مگر اس کمیٹی کو آزادانہ کام کرنے نہیں دیا جارہا ہے۔ عوام کے سامنے صحیح صورت حال نہیں رکھی جارہی ہے اور اموات کو کم کرکے بتایا جارہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کو صحیح صورت حال سے آگاہ کرے۔
بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ مالویہ نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے الزام عاید کیا تھا کہ ممتاحکومت کورونا وائرس سے متعلق صحیح صورت حال پیش نہیں کررہی ہے او ر حقائق کو چھپارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں کورونا وائرسے مرنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہے مگر حکومت کم کرکے بتارہی ہے۔