کولکاتا: مغربی بنگال میں چند مہینوں کے اندر اندر ہونے والے پنچایت انتخابات کی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔ اسی درمیان کانگریس نے ترنمول کانگریس اور بی جے پی کو شکست دینے کے لئے لفٹ فرنٹ کے ساتھ اتحاد پر زور دیا ہے۔ رکن پارلیمان ادھیر رنجن چودھری نے اس معاملے پر کانگریس کی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا کہ چند لوگ اوپری سطح پر اتحاد کی مخالفت کر سکتے ہیں لیکن نچلی سطح کے کارکن ترنمول اور بی جے پی کے خلاف متحد ہو کر لڑنا چاہتے ہیں۔ لہذا کانگریس ساگردیگھی ضمنی انتخابات کے طرز پر پنچایت انتخابات میں بھی لفٹ فرنٹ کے ساتھ مل کر الیکشن لڑنا چاہتی ہے۔
2016 کے اسمبلی انتخابات میں دونوں پارٹیوں نے ایک ساتھ مل کر الیکشن لڑا۔ 2021 اسمبلی انتخابات میں دونوں کے درمیان جزوی طور اتحاد دیکھا گیا۔2019 لوک سبھا الیکشن میں کانگریس اور لفٹ فرنٹ نے سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت کی لیکن اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ۔ گذشتہ چند انتخانات میں لفٹ فرنٹ اور کانگریس اتحاد کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔