کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے سماجی ویب سائٹ ایکس پر طویل پوسٹ لکھتے ہوئے سوال کیا کہ سکم میں سیلاب کی تباہی کے بعد مرکزی حکومت نے مالی مدد کی ہے مگر اس کے ساتھ ہی شمالی بنگال کے کئی علاقوں میں بھی تباہی آئی ہے مگر مرکزی حکومت نے مکمل طور پربنگال کو نظرانداز کردیا ہے۔آخر بنگال کے ساتھ یہ سلوک کیوں ہے؟
ممتا بنرجی نے ایکس پر لکھاہے کہ حالیہ قدرتی آفات جس نے سکم میں میرے بھائیوں اور بہنوں کو متاثر کیا ہے ۔سکم کے عوام کو ریلیف پہنچانے میں ہم ہرممکن مددکررہے ہیں ۔مگر سکم کی تباہی کے اثرات سے دارجلنگ اور کالمپونگ بھی بڑے پیمانے پر متاثر ہوئے ہیں یہاں بھی بڑی تعداد میں ہمارے بھائی اور بہنوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔شمالی بنگال کے کئی علاقے زیر آب ہوگئے ہیں ۔فصلیں تباہ ہوگئی ہیں ، مکانات منہدم ہوگئے ہیں ۔بنگال حکومت کے افسران، وزرا رات دن کام کررہے ہیں ۔