کولکاتا: مغربی بنگال کے بیر بھوم ضلع میں دیوچا-پچامی کول مائن پروجیکٹ کا کام پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔ نوبنو کے ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اس دورے کے دوران اس پروجیکٹ میں دلچسپی رکھنے والے اراضی عطیہ دہندگان کے خاندانوں کو روزگار کے لیے تقرری نامہ دیں گی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ صنعت کے حوالے سے کچھ اہم فیصلوں کا اعلان بھی کر سکتی ہیں۔ ترنمول کانگریس بیربھوم ضلع صدر انوبرتا منڈل اس وقت مرکزی تفتیشی ایجنسی کی حراست میں ہیں۔ ریاست میں پنچایتی انتخاب ہونے والا ہے۔ حکمراں جماعت بیر بھوم کو مضبوط کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔
سمجھا جارہا ہے کہ ممتا بنرجی ضلع میں پارٹی لیڈروں اور ورکروں سے ملاقات کرسکتی ہیں۔ پنچایت انتخابات کب ہوں گے یہ واضح نہیں ہے۔ لیکن 2023 کے الیکشن کے لیے تمام جماعتیں کمر باندھ چکی ہیں۔ پارٹی قیادت کو اپنے علاقے میں گھر گھر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ترنمول کانگریس نے عوام تک پہنچنے کے لیے پروگرام تیار کرلیا ہے۔ ممتا بنرجی انوبرتا منڈل کی غیر موجودگی میں پارٹی لیڈروں کو حوصلہ دینے کی کوشش کریں گی۔