کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے دفتر کے ذرائع کے مطابق اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو بیس دن کے بعد وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 14 اکتوبر کو مہالیہ کے دن گھر سے باہر نکل سکتی ہیں۔ مہالیہ کے موقعے پر ترنمول کانگریس کے ترجمان اخبار ’جاگو بنگلہ‘ کے خصوصی شمارے کی رسم اجرا تقریب ’’نذرل منچ‘‘ میں منعقد ہوگی۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے ہاتھوں اس خصوصی شمارے کا رسم اجرا ہونا ہے۔ پارٹی کے روزنامہ میں چھپنے والے افتتاحی تقریب کے اشتہار کے مطابق تقریب کا آغاز دوپہر ڈھائی بجے منعقد ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ممتا بنرجی نے افتتاح کے لیے سہ پہر تین بجے کا وقت دیا ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا ممتا بنرجی نذرل منچ آئیں گی؟ یا ورچوئل طور پر کالی گھاٹ سے ہی افتتاح کریں گی؟
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات 12 اکتوبر کو اپنے گھر کالی گھاٹ پر ریاستی کابینہ کی میٹنگ بلائی ہے۔ ترنمول کانگریس کے ذرائع کے مطابق اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی مہالیہ کے دن گھر سے باہر آسکتی ہیں ۔اگرچہ یہ سب ڈاکٹروں کے مشورے پر منحصر ہے۔ تاہم حکمران جماعت کے ذرائع کے مطابق اس وقت وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی جو صحت ہے اس سے امید ہے کہ وہ نذرل منچ ضرور آئیں گی۔