کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بارپھر وشو بھارتی یونیورسٹی تنازع پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رابندر ناتھ ٹیگور کی شناخت کو مٹانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔وشو بھارتی یونیورسٹی کے وائس چانسلر دودیوت چکرورتی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ براہ کرم رابندر ناتھ ٹیگور کے نام کو مٹانے کی کوشش نہ کی جائے۔ اس متنازع تختی کو ہٹادیں ۔برائے مہربانی عزت اور انسانیت کا مظاہرہ کریں۔
وائس چانسلر پر الزام ہے کہ یونیسکو کی جانب سے شانتی نکیتن کو تسلیم کرنے کا کریڈٹ لینا چاہتے ہیں۔ شانتی نکیتن کو عالمی ثقافتی ورثہ کا درجہ دئیے جانے کے بعد سفید پتھر کی تختیاں لگائی گئیں۔ اس پتھر میں وشو بھارتی یونیورسٹی کے چانسلراور وزیر اعظم نریندر مودی اور وائس چانسلر کا نام ہے۔ رابندر ناتھ ٹیگور کا نام کہیںپر بھی نہیں ہے۔اس کے بعد ہی وائس چانسلر کے خلاف تنقیدیں ہورہی ہیں۔