مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے ریاست میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت کے سینئر افسران اور میڈیکل کالجوں، اسپتالوں، سپرانٹنڈنٹ کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ حالات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی نے بتایا کہ 210 نئے وینٹی لیٹر ریاست میں جلد ہی پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 600 وینٹی لیٹر کا آرڈر دیا گیا ہے۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد سانس لینے میں تکلیف ہوجاتی ہے اور اس صورت حال میں وینٹی لیٹر کی ضرورت پڑتی ہے۔ چوںکہ اس وقت پوری دنیا کورونا وائرس کے چپیٹ میں ہے۔ اس لئے دنیا بھر میں وینٹی لیٹر کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سے ہی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی مختلف سطح پر کام کررہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اسپتال انتظامیہ سے کہا کہ وہ کسی بھی صورت حال کا سامنے کر نے کو تیار رہیں ۔
اس کے علا وہ وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کورونا وائرس کا علاج کررہے ڈاکٹر، نرس اور دیگر طبی عملہ کے بیمہ کی رقم میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا۔
اس سے قبل ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ کورونا کے خلاف لڑرہے ڈاکٹر، نرس، طبی عملہ ،محکمہ صحت کے افسران اور صفائی عملہ کا دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ان لوگوں نے دل جان سے محنت کررہے ہیں۔