کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی نے کہا کہ مجھے کرسی کی لالچ نہیں ہے اور نہ ہم اس کی پرواہ کرتے ہیں ۔ہمیں کرسی نہیں چاہیے ۔ہمارا صرف ایک ہی مقصد ہے ملک کو بی جے پی سے بچانا ہے۔ ٹی ایم سی سربراہ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں چیلنجوں سے گھبراتی نہیں ہوں، مجھے چیلنج کا مقابلہ کرنا پسند ہے اور بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرکے ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2024میں ایک نئے بھارت کا طلوع ہوگا۔
وزیراعلی ممتا بنرجی نے منی پور میں جاری خلفشار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے آج منی پور جل رہا ہے ، خواتین محفوظ نہیں ہے۔منی پور کی ویڈیو نے مجھے اندر ہلادیا ہے۔بی جے پی اور مودی کا نعرہ تھا ’’بیٹی بچائو‘‘ یہ نعرہ کہاں چلا گیا ۔منی پور کے واقعے پر شرم نہیں آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ منی پور کی خواتین کے ساتھ جس طریقے سے مظالم کئے گئے ہیں وہ قابل مذمت ہے اور شرمناک ہے۔ بی جے پی ہم ہر سیاست کرنے کا الزام عائد کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے بی جے پی نے اپنے دور اقتدار میں ملک کے شہریوں کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی کوشش کی ہے آج منی پور کے عوام اس کی قیمت چکارہے ہیں ۔ بی جے پی موت پر سیاست کر رہی ہے۔ تریپورہ میں رتھ یاترا میں 26 لوگوں کی موت ہو گئی۔ ٹرین حادثے میں کتنے لوگ مارے گئے؟ نمامی گنگے پراجیکٹ سینٹر میں حادثات میں کتنے لوگوں کی موت ہوئی؟ لیکن میں نے کچھ نہیں کہا۔ میں موت پر سیاست نہیں کرتی ہوں۔ لیکن بی جے پی سیاست تب شروع کرتی ہے جب بنگال میں کوئی مر جاتا ہے۔