کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے رسوئی گیس کی قیمتوں میں دو سو روپے کی کٹوتی کے اعلان کے بعد بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر جم کر بھڑاس نکالی۔انہوں نے کہاکہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت عوامی حمایت کھو چکی ہے۔اپوزیشن پارٹیوں کے اتحاد انڈیا سے مودی جی کی حکومت خوفزدہ ہے۔
وزیر اعلیٰ ممتابنرجی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت انڈیا سے اس قدر خوفزدہ ہو چکی ہے کہ اپنی غلط اور عوام مخالف پالیسی پر نظر ثانی کرنے پر مجبور ہو چکی ہے۔ابھی تو انڈیا کی دو میٹنگز سے بی جے پی کا یہ حال ہے۔ دو چار میٹنگز کے بعدبی جے پی کہاں جائے گی اس کو بھی پتہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اونم اور رکھشا بندھن کے موقع پر، حکومت نے منگل کو ملک کے 33 کروڑ ایل پی جی صارفین کو تحفہ دیتے ہوئے ایل پی جی کی فی سلنڈر کی قیمت میں 200 روپے کی کمی کرنے اور 75 لاکھ نئے اجولا کنکشن جاری کرنے کا اعلان کیا۔یہ فیصلہ یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں کیا گیا۔
وزیر اعظم مودی نے ایکس پر کہاکہ رکشا بندھن کا تہوار ہمارے کنبہ میں خوشیوں کو بڑھانے کا دن ہے۔ گیس کی قیمتوں میں کمی سے میرے کنبہ کی بہنوں کی سہولیت میں اضافہ ہوگا اور ان کی زندگی آسان ہوگی۔ میری ہر بہن خوش رہے، تندرست رہے، خوش رہے، بھگوان سے یہی میری خواہش ہے۔