کولکاتا:مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے قریب واقع جادو پوریونیورسٹی میں طالب علم کی موت کے معاملے میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جادو پوریونیورسٹی جیسے ملک کے معزز ادارے میں اگر ریکنگ کی شکایت آتی ہے یہ ناقابل قبول ہے۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش نےکہا کہ جادوپور میں جو واقعہ ہوا اس میں ریگنگ کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ یہ انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے۔ وزیر اعلیٰ بہت ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے طالب علموں کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ملزمین کی جلد سے جلد شناخت کرکے سزا دی جانی چاہیے۔
کنال گھوش نے کہاکہ ہاسٹل میں ہر ایک کو تعاون کرنا چاہیے۔ اس معاملے میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔جادو پوریونیورسٹی میں بنگلہ شعبہ میں پہلے سال کے طالب علم سوپندیپ تین منزلہ بالکونی سے کیسے گرا، اس نے کپڑے کیوں نہیں پہنے ہوئے تھے؟ طالب علم دوپہر سے ہی عجیب و غریب حرکت کیوں کر رہا تھا؟ واقعے کو 24 گھنٹے گزر گئے لیکن کسی کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ کچھ کا کہنا ہے کہ طالب علم نے کارنیس سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی، کچھ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ریگنگ کی وجہ سے پیش آیا۔ تاہم، سبھی اس بات پر متفق ہیں کہ بدھ کی رات کچھ غیر معمولی واقعہ ہوا تھا۔