مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کا مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج آج بھی جاری رہا۔ جنوبی کولکاتا سے این آر سی اور شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ترنمول کانگریس کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی ایک بار پھر بی جے پی پر نکتہ چینی کی ۔
انہوں نے کہا کہ ذات و مذہب کے نام بی جے پی ملک کو بانٹنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ پورا بھارت شہریت ترمیمی قانون کے خلاف سراپا احتجاج بن گیا۔ اسی لئے بی جے پی اس احتجاج کو اپنی حواریوں کی مدد سے پر تشدد بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
ملک کے عوام کو روٹی کپڑا اور مکان چاہیے۔ شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی نہیں بی جے پی سوچ رہی ہے کہ پورے ملک پر اس کا قبضہ ہو گیا ہے ۔ ملک کو منقسم کرنا چاہتی ہے ۔ ہمیں منقسم بھارت نہیں بلکہ متحد بھارت چاہئے۔
ممتا بنرجی نام لئے بغیر وزیر نریندر مودی کے پوشاک والے بیان کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ لوگ پوشاک کی بات کر رہے ہیں۔ ایک دوسرے کو بانٹنے کی کوشش کر رہےہیں ۔ ملک میں سب کو آزادی ہے کہ وہ اپنی مرضی کے کپڑے پہنے کھانا کھائے لیکن لوگ ہر بات میں مذہب اور ذات کی بات کرتے ہیں۔