کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سوال اٹھایا کہ ہندوستانی ٹیم کے پریکٹس مرحلے کی جرسی کیوں بھگوا یعنی نارنگی ہے۔ ہندوستانی ٹیم تو نیلی جرسی پہن کر کھیلتی ہے اور پریکٹس کرتی ہے۔ ان لڑکوں کس نے نارنگی رنگ پہنا دیا۔ ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں صرف ایک دن باقی ہے۔خطابی معرکہ میں میزبان ہندوستان-آسٹریلیا آمنے سامنے ہوں گے۔ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں ملک کے لوگ یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ کون جیتے گا۔ فائنل مقابلے کے لیے عام لوگوں کی دیوانگی عروج پر پہنچ چکی ہے۔
اس دوران مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی نے بی جے پی پر کھیل اور کھلاڑیوں پر سیاست کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کرکٹ اسٹیڈیم کا نام نریندر مودی رکھنے پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے اس ماہ کے شروع میں کابینہ کے اجلاس میں کھیل کے میدانوں سے لے کر ہسپتالوں پر ایک مخصوص رنگ کے استعمال پر اپنی تشویش کا اظہار کیا۔ اس سے پہلے کسی نے کھیل اور کھلاڑیوں کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا تھا، جتنا آج کیا جا رہا ہے۔