بھونیشور/کولکاتا:مغربی بنگال کی وزیراعلی اور ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی اور نوین پٹنائک نے میٹنگ کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ یہ خالصتاً ایک اخلاقی ملاقات تھی اور تقریباً 15 منٹ تک جاری رہنے والی میٹنگ کے دوران کسی سنگین سیاسی صورتحال پر بات نہیں کی گئی۔ اڈیشہ کے وزیراعلیٰ نوین پٹنائک نے کہاکہ یہ ایک غیر رسمی ملاقات تھی اور ہم نے ملک کے وفاقی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے تناظر میں بات چیت کی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ ملک کے وفاقی ڈھانچے کے بارے میں مسٹر پٹنائک کے خیالات کی مکمل حمایت کرتی ہیں۔وہ اڈیشہ کے دورے کے دوران نئی حکومت کے پروٹوکول اور مہمان نوازی سے بہت خوش تھیں۔
یہ پوچھے جانے پر کہ کیا انہوں نے تیسرے محاذ کے معاملے پر بات کی، انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف لوگوں کی سلامتی اور جمہوری حقوق پر بات کی۔ انہوں نے مزید کہاکہ نوین بابو بہت بڑے لیڈر ہیں اور ہم نے بہت اچھے تعلقات بنائے رکھے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پٹنائک کو مغربی بنگال میں دیگھا میں ایک نئے جگن ناتھ مندر کی تعمیر کے بارے میں بتایا گیا اور انہیں اس موقع پر مدعو کیا۔ انہوں نے پوری میں وشو بنگلہ بھون کی تعمیر کے لئے دو ایکڑ اراضی فراہم کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ بھی ادا کیا۔