کولکاتا:محمڈن اسپورٹنگ کلب کے نئے ٹینٹ کو راجباری کے طرز پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس ٹینٹ میں ٹرافی، کلب کی ماضی کی کامیابی کی تصاویر اور نئے ڈریسنگ روم بنائے گئے ہیں۔ نئے ٹینٹ کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نےکہا کہ محمڈن اسپورٹنگ کلب کا ماضی بہت ہی شاندار رہا ہے۔ اس کلب نے بنگال کی عظمت کو بلند کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب ایسٹ بنگال اور موہن بگان آئی ایس ایل کھیل سکتے ہیں تو پھر محمڈن کیوں نہیں۔ محمڈن کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کی ممتا بنرجی نے محمڈن کے اراکین کو کوشش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں اور بیرون ملک میں محمڈن اسپورٹنگ کے سپورٹرس بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
وزیرا علیٰ نے کہا کہ اگر محمڈن کو اسپانسر نہیں ملتے ہیں تو بھی اپنے سپورٹرز کے پیسوں سے بھی آئی ایس ایل کھیل سکتے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ محمڈن کو اپنے سپورٹرس سے رابطے اور انہیں جوڑنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں بھی اس میں اپنا حصہ ڈالوں گی۔ وزیرا علیٰ نے اپنی آمدنی سے متعلق کہا کہ وہ تنخواہ نہیں لیتی ہیں ،نہ میں سابق لوک سبھا ممبرہونے کی حیثیت سے پنشن لیتی ہوں۔ میں کتابیں لکھتی ہوں اور اس سے ہونے والی آمدنی سے زندگی گزارتی ہوں۔وزیرا علیٰ نے کہا کہ ابھی سے کوشش کریں کہ آئی ایس ایل میں محمڈن اسپورٹنگ کھیلیں۔
خیال رہے کہ آئی ایس ایل کے گزشتہ سیزن میں موہن بگان نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایسٹ بنگال کی کارکردگی بہتر نہیں تھی۔ ایسٹ بنگال کے دیبرتا سرکار کی طرف دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ کو آئی ایس ایل کی چمپئن بننا چاہیے۔