کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ طلبہ کو ایک خصوصی پرواز کے ذریعے امپھال سے کولکاتا روانہ کیا گیا ہے جو آج (8 مئی) صبح 10:15 بجے کولکاتا اترے۔ یہ تمام طلباء ایگریکلچرل کالج سے بی ایس سی/ایم ایس سی/پی ایچ ڈی کر رہے تھے۔ ہمارے عہدیداروں نے کولکاتا کے ہوائی اڈے پر خصوصی ڈیسک پر تمام طلباء کا استقبال کیا اور کولکاتا سے ان کی رہائش گاہ تک پہنچانے کے انتظامات کیے۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتابنرجی نے مزید کہا کہ منی پور میں پھنسے ہوئے دیگر لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ کہیں بھی مصیبت میں گھرے لوگوں ہم پوری یکجہتی سے نکالنے کے لیے تیار ہیں۔ اس سے پہلے محترمہ بنرجی نے جمعرات کو منی پور کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ یہ سیاست کرنے کا وقت نہیں ہے۔ سیاست اور انتخابات کے لئے انتظار کیا جا سکتا ہے لیکن ہمیں اپنی خوبصورت منی پور ریاست کو محفوظ بنانا ہوگا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ سے منی پور کی صورتحال پر نظر رکھنے اور وہاں امن بحال کرنے کی درخواست کی۔