مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی جانب سے منظور شدہ شہریت ترمیمی ایکٹ ، آین آرسی اور این پی آر کے خلاف جنگ کا جاری رکھنے کااعلان کیا۔
مسلمانوں کی گھنی آبادی والا علاقہ راجہ بازار میں شہریت ترمیمی ایکٹ، این آرسی اور این پی آر کے خلاف احتجاجی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نےکہاکہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسی کے خلاف ہماری تحریک جاری رہے گی۔ میں بنگال کے عوام سے احتجاج کاسلسلہ جاری رکھنے کی اپیل کرتی ہوں۔
ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہاکہ شمالی 24 پرگنہ کے نئی ہٹی تھانہ علاقے میں جمعہ نماز بعد شہریت ترمیمی ایکٹ ، این آرسی اور این پی آر کے خلاف عظیم الشان ریلی کی قیادت کرنے کا اعلان کررہی ہوں۔
ممتابنرجی نے کہاکہ جمعہ کے دن سے میں بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کے خلاف اعلیٰ سطح پر احتجاج کرنے کا اعلان کررہی ہوں۔ مجھے بی جے پی کے خلاف تحریک جاری رکھنے میں عوام کی مدد کی ضرورت ہوگی۔