مغربی بنگال میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے رہنماؤں کے درمیان بیان بازی عروج پر پہنچ چکی ہے۔
ریاست بھر میں بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش متنازعہ بیان بازی کی وجہ سے کافی مشہور ہیں۔ ان کی اکثر بیان بازیوں کی وجہ سے ریاست کی سیاست کافی گرمائی رہتی ہے ۔
حال ہی میں مغربی بنگال کے جنوبی ضلع 24 پرگنہ کے بھانگوڑ میں عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے دلیپ گھوش نے کہا کہ اقتدار بدلنے کے بعد ریاست میں بہت کچھ بدل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کے بعد ترنمول کانگریس کے رہنماؤں کو جسم پر مرہم پٹی کے لیے جگہ ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملے گی۔پورے ملک میں بی جے پی کی حکومت ہے اور چار مہینوں کے بعد مغربی بنگال میں بھی بی جے پی کی حکومت قائم ہوجائے گی۔
ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان جھڑپ
انہوں نے کہا کہ 'ہم انتقام کی سیاست میں یقین نہیں رکھتے ہیں لیکن پریشان کرنے والوں کو تو سبق سکھانا ہوگا، نہر معاملے کو سیاست سے جوڑ دینا،مرکزی حکومت کے ہر ترقیاتی منصوبے پر روک لگانا اور بدعنوانی اس وقت عام بات ہوچکی ہے، یہ سب زیادہ دنوں تک چلنے والا نہیں ہے۔
دلیپ گھوش نے یہ بھی کہا کہ کانگریس کے دور اقتدار سے لے کر لیفٹ فرنٹ اور اب ترنمول کانگریس کی حکومت تک انتقام کی سیاست کی جاتی رہی ہے لیکن چار مہینے کےا بعد ترنمول کانگریس کی حکومت کی طرح انتقام کی سیاست کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔