اس مرحلے میں برسراقتدار ترنمول کانگریس کی کارکردگی کو اہم سمجھا جارہا ہے، جس سے طے ہوگا کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی آئندہ 2 مئی کو مسلسل تیسری مدت کے لئے وزیر اعلی کی حیثیت سے بنگال واپس آئیں گی یا نہیں۔
ریاست میں پانچویں مرحلے میں چھ اضلاع اور 45 اسمبلی حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔ جن اضلاع میں پولنگ جاری ہے وہ ہیں شمالی پرگنہ پارٹ۔1، دارجلنگ ، کلیمپونگ ، مشرقی وردھمان پارٹ ۔1 اور جلپائی گڑی۔ ریاست میں ووٹنگ کے پانچویں مرحلے میں ، ووٹر 319 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ، ان میں 39 خواتین امیدوار ہیں۔ ووٹنگ میں 1.12 کروڑ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ، ان میں سے 55.80 لاکھ خواتین اور 234 تیسرے زمرے کے لوگ ہیں ، باقی مرد ووٹر ہیں۔ پولنگ کے لئے 15789 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔