مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ ضلع کے باراسات علاقے میں عوام کو خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ 'بنگال کو سونار بنگلہ بنانا پہلا اور آخری ہدف ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'ریاست کی ترقی کے بارے میں سوچنا کوئی بری بات ہے کیا؟ ریاست کی ترقی عوام کی ترقی ہے، اس کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔'
دلیپ گھوش کا کہنا ہے کہ 'میں ایک بار پھر بنگال کو گجرات ماڈل پر ترقی دلانے کی بات دوہرا رہا ہوں۔ گجرات ماڈل کو اپنا کر ریاست کو سونار بنگلہ بنائیں گے۔'
'بنگال کو گجرات بنا کر ہی دم لوں گا' بی جے پی کے رکن پارلیمان کا کہنا ہے کہ 'مغربی بنگال میں بی جے پی کی حکومت بنتے ہی ترقی کے دور کا نیا باب شروع ہو جائے گا۔'
انہوں نے کہا کہ 'اس کے لئے گجرات ماڈل پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں مرکزی حکومت سے بھر پور مدد ملے گی۔'
بی جے پی کے ریاستی صدر کا کہنا ہے کہ 'ترنمول کانگریس کے رہنما فرہاد حکیم سمیت تمام رہنماؤں کو چیلنج کرتا ہوں کہ میں بنگال کو گجرات بنا کر ہی دم لوں گا، ہمت ہے تو روک کر دکھائیں۔'
دلیپ گھوش کا کہنا ہے کہ گجرات دیگر ریاستوں کے لئے رول ماڈل ہے۔ اسے اپنانے میں دشواری کیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'گجرات ایک پرامن اور ترقی یافتہ ریاست ہے۔ وہاں کبھی کوئی فساد نہیں ہوا۔ برسوں پہلے کیا ہوا کیا نہیں، اس کے بارے میں سوچ کر ترقی کا دروازہ بند نہیں کرنا ہے۔'
واضح رہے کہ چند روز قبل شہری ترقیاتی وزیر فرہاد حکیم نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگال کو کسی بھی قیمت پر گجرات بننے نہیں دیں گے۔