ادھیر رنجن چودھری کا مرکزی حکومت پر تنقید - ادھیر رنجن چودھری کا مرکزی حکومت پر تنقید
کانگریس کے رہنما ادھیر رنجن چودھری نے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہزاروں کسان اپنے مستقبل کو لے کر فکرمند ہیں لیکن بی جے پی کو بنگال میں پگڑی کی پڑی ہے.
مغربی بنگال میں کانگریس کے ریاستی صدر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت تمام محاذ پر ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل ناکامی کے سبب بی جے پی لوگوں کو گمراہ کر رہی ہے۔بی جے پی کے رہنما کبھی ہاتھرس واقعے میں بین الاقوامی ہاتھ ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہیں تو کبھی فساد کی بات کرتے ہیں۔
پردیش کانگریس کے صدر کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے تمام رہنماوں کو ملک کی فکر نہیں ہے. اگر انہیں ذرا بھی اس کی فکر ہوتی تو لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش نہیں کرتے ہیں ۔ادھیر رنجن چودھری کے مطابق مرکزی حکومت کے وزراء کو پنجاب کی فکر نہیں ہے. وہاں کے کسان گزشتہ کئی ہفتوں سے کسان بل کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔لیکن بنگال میں ریلی کے دوران سرعام ہتھیاروں کی نمائش کرنے والے ایک سکھ بی جے پی حامی کی تفتیش کے دوران پگڑی کھل جاتی ہے تو اس پر سیاست شروع ہو جاتی ہے.
انہوں نے کہا کہ بی جے پی والوں کو بنگال کی فکر کر نے کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ ان ریاستوں کی فکر کریں جہاں بی جے پی کی حکومت ہے۔
ادھیر رنجن چودھری نے مزید کہا کہ پگڑی پر سیاست کرنے والے بی جے پی کے رہنماوں کو معلوم ہے کہ یہ واقعہ کیوں پیش آیا۔بی جے پی کے حامی اگر سرعام ہتھیاروں کی نمائش نہیں کرتا تو یہ واقعہ بھی پیش نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک میں 40کروڑ ملازمت کی ضرورت ہے۔بھارت ایک بہت ہی برے دور سے گزر رہا ہے۔ بی جے پی کو اس کی فکر کہاں ہے. پردیش کانگریس کے صدر کا کہنا ہے کہ ایک طرف ملک کورونا وائرس نجات پانے کی جدوجہد کر رہا ہے، دوسری طرف بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت سرکاری اداروں کی نجی کاری کرنے میں آمادہ ہے۔