مغربی بنگال میں ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کے شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں سیاسی سرگرمیاں انتہائی عروج پر پہنچ چکی ہیں۔
بریگیڈ ریلی کی کامیابی کا دعویٰ بے بنیاد ہے: جاوید احمد خان تمام سیاسی جماعتیں ووٹرز کی توجہ اپنی اپنی جانب مبذول کرانے کی ہرممکن کوشش میں مصروف ہیں۔
ترنمول کانگریس کے سینئیر رہنما اور وزیر جاوید احمد خان نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگال میں ممتا بنرجی کی بات ہی آخری ہے، اس پر کسی کو ترجیح نہیں دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے لیفٹ فرنٹ کے چیئرمین بمان بوس کے بریگیڈ ریلی کی کامیابی کے دعویٰ کو یکطرفہ طور پر نظرانداز کردیا۔
ترنمول کانگریس کے رہنما کا کہنا ہے کہ کسی کے کچھ بھی کہنے سے بنگال کے لوگوں کو کچھ آتا جاتا نہیں ہے، انہوں نے کہہ دیا کہ بریگیڈ ریلی کامیاب ہے تو لوگ مان لیں گے ہرگز نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بریگیڈ ریلی کتنی کامیاب ہے اس کا پتہ دو مئی کے اسمبلی انتخابات کے رزلٹ ڈے (نتائج کادن) کو چل جائے گا۔ ترنمول کانگریس کے رہنما کے مطابق ممتا بنرجی کی قیادت میں جب تیسری مرتبہ ترنمول کانگریس کی حکومت بنے گی اس دن واضع ہو جائے گا کون سی ریلی کو کامیابی ملی تھی۔
ریاستی وزیر جاوید احمد خان نے کہا کہ مدھیہ پردیش، اترپردیش،چھتیس گڑھ اور بہار کے وزرائے اعلیٰ ممتا بنرجی کے بارے میں کیا کہتے ہیں اس کے بارے میں کچھ بھی کہنا نہیں ہے، مغربی بنگال کے لوگ اس کا جواب دیں گے۔
امت شاہ کے دو سو سے زائد سیٹز جیتنے کے دعویٰ پر وزیر نے کہا کہ شکر ہے کہ انہوں نے مغربی بنگال کے کل 294 سیٹوں کو جیتنے کا دعویٰ نہیں کیا۔ امت شاہ سے دہلی تو سنبھلتا نہیں ہے اور بنگال کو لے کر بیان بازی کرتے ہیں۔