کولکاتا:مغربی بنگال کے بیربھوم ضلع میں واقع تاریخی وشوا بھارتی یونیورسٹی انتظامیہ اور نوبل انعام یافتہ امرتیہ سین کے درمیان زمین تنازع مزید گہرا ہو گیا ہے۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے نوبل انعام یافتہ امرتیہ سین کو زمین خالی کرنے کے لئے نوٹس جاری کیا ہے۔ یونیورسٹی نے زمین کو چھ مئی تک یا نوٹس جاری ہونے سے 15 پندرہ دن کے اندر خالی کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس نے زمین خالی نہ کرنے پر زبردستی خالی کر نے کی دھمکی بھی دی ہے۔
مسٹر سین مغربی بنگال کے بیر بھوم ضلع کے بول پور شہر کے شانتی نکیتن میں ہجرت کے بعد سے اپنے آبائی گھر پراتیچی میں ہتے ہیں۔ پراتیچی احاطے میں 13 ڈسمل زمین کاایک ٹکڑا گزشتہ دنوں مسٹر سین اور یونیورسٹی کے درمیان تنازعہ کا موضوع رہا ہے۔ وشوابھارتی نے دعویٰ کیا ہے کہ مسٹر سین نے زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا ہے جبکہ مسٹر سین نے بارہا کہا ہے کہ وہ زمین کے اصلی مالک ہیں۔