مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے آٹھویں اور آخری مرحلے میں چار اضلاع کی 35 سیٹوں پر ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ووٹنگ کے پہلے ہی گھنٹے میں کولکاتا سمیت بیربھوم، مالدہ اور مرشدآباد سے سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
انتخابی کمیشن نے آٹھویں اور آخری مرحلے میں شمالی کولکاتا کی سات، مالدہ ضلع کی چھ، مرشدآباد اور بیربھوم ضلع کی 11-11 سیٹوں کے لئے مرکزی فورسز کی 753 کمپنیوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شمالی کولکاتا کی سات سیٹوں کے لئے مرکزی فورسز کی 95 کمپنیاں، مالدہ ضلع میں 200 کمپنیوں، مرشدآباد میں 211 اور بیربھوم ضلع 224 مرکزی فورسز کی کمپنیاں تعینات ہیں۔
اس کے باوجود چاروں اضلاع بیربھوم، مالدہ، مرشدآباد اور کولکاتا میں آٹھویں اور آخری مرحلے کی ووٹنگ کے دوران خونی جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ مرشدآباد ضلع کے بہرامپور، کاندی، ہریر پاڑہ اسمبلی حلقوں میں ترنمول کانگریس اور کانگریس( متحدہ اتحاد) کے حامیوں کے درمیان بھیانک جھڑپوں میں 35 سے افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔